علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’تحقیقی جدت اور تعلیمی فضیلت کے عالمی مواقع‘‘ کے موضوع پر آگاہی سیمینار

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’تحقیقی جدت اور تعلیمی فضیلت کے عالمی مواقع‘‘ کے موضوع پر ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس کا مقصد طلبہ اور محققین کو بین الاقوامی جامعات میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق، سکالرشپس اور عالمی تعلیمی مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’تحقیقی جدت اور تعلیمی فضیلت کے عالمی مواقع‘‘ کے موضوع پر ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس کا مقصد طلبہ اور محققین کو بین الاقوامی جامعات میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق، سکالرشپس اور عالمی تعلیمی مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔سیمینار کا اہتمام آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن نے کیا جس میں سنٹرل مشی گن یونیورسٹی، امریکہ کے ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر وسیم حیدر نے بطور ریسورس پرسن خطاب کیا۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر وسیم حیدر نے امریکہ میں پاکستانی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے دستیاب مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے عالمی جامعات تک رسائی کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے اور طلبہ آن لائن ذرائع سے داخلوں، سکالرشپس، تحقیقی منصوبوں اور مختلف جامعات کی معلومات تک باآسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی طلبہ کے لیے امریکہ کی ممتاز جامعات میں تعلیم اور تحقیق کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چار سالہ بیچلر ڈگری مکمل کرنے کے بعد متعدد امریکی جامعات میں براہ راست پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ حاصل کیا جا سکتا ہے جہاں میرٹ کی بنیاد پر مکمل یا جزوی سکالرشپس، ریسرچ اسسٹنٹ شپ اور ٹیچنگ اسسٹنٹ شپ جیسی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی بیشتر جامعات جدید تحقیقی لیبارٹریوں، ڈیجیٹل لائبریریوں، جدید سائنسی آلات، تیز رفتار انٹرنیٹ اور عالمی معیار کی تحقیقی سہولیات سے آراستہ ہیں جو طلبہ کو تحقیق، اختراع اور بین الاقوامی سطح پر اپنی علمی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا بہترین ماحول فراہم کرتی ہیں۔سیمینار کے اختتام پر شرکا نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع، داخلہ پالیسی، سکالرشپس اور تحقیقی امکانات سے متعلق مختلف سوالات کیے جن کے پروفیسر ڈاکٹر وسیم حیدر نے تفصیلی اور معلوماتی جوابات دیئے۔

آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ محمد اختر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سیمینار کا مقصد نوجوانوں کو بین الاقوامی جامعات میں داخلے کے طریقہ کار، تحقیقی فنڈنگ، سکالرشپس اور جدید تحقیقی رجحانات سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ ان مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔واضح رہے کہ یہ سیمینار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے وژن اور مشن کے تحت طلبہ میں شعور و آگاہی کے فروغ کے لیے یونیورسٹی میں جاری علمی و فکری سرگرمیوں کے تسلسل کا ایک نمایاں مظہر ہے۔