اولمپک سلور میڈلسٹ کیٹرینا جانسن تھامپسن انجری کے باعث کامن ویلتھ گیمز سے دستبردار ہو گئی ہیں۔
انجری کے باعث کیٹرینا جانسن تھامپسن اور ڈینا ایشر سمتھ دولتِ مشترکہ کھیلوں سے دستبردار

مزید خبریں
گلاسگو۔24جولائی (اے پی پی):اولمپک سلور میڈلسٹ کیٹرینا جانسن تھامپسن انجری کے باعث کامن ویلتھ گیمز سے دستبردار ہو گئی ہیں۔
بی بی سی کے مطابق ان کے علاوہ انگلینڈ کی سپرنٹ سٹار دینا اشر سمتھ، 400 میٹر کے اولمپک سلور میڈلسٹ میٹ ہڈسن سمتھ، ڈیرل نیتا اور ایمبر ایننگ نے بھی ریلوے ریسز کے لیے ٹیم انگلینڈ کی نمائندگی سے معذرت کر لی ہے اور ان کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔33 سالہ جانسن تھامپسن جنہوں نے 2018 اور 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں ہیپٹاتھلون کا گولڈ میڈل جیتا تھا، کا کہنا تھا کہ وہ ابھی اس سطح کی فٹنس حاصل نہیں کر سکی ہیں جو مقابلے کے لیے ضروری ہے، اس لیے وہ آئندہ ماہ ہونے والی یورپیئن چیمپئن شپ پر توجہ مرکوز کریں گی۔ افتتاح کے دن ہی اتنے بڑے ناموں کی دستبرداری سے ایونٹ کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں کا آغاز 28 جولائی سے ہوگا، جبکہ رینی ریجس، ایبوکا نووکیجی، تارا سمپسن سلیوان اور ٹام کین کو انگلینڈ کے ایتھلیٹکس اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل اولمپک 800 میٹر چیمپئن کیلی ہوجکنسن بھی یورپی چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے دولتِ مشترکہ کھیلوں میں شرکت سے دستبردار ہو چکی ہیں۔ اسی طرح سینٹ لوشیا کی اولمپک 100 میٹر چیمپئن جولین الفریڈ اور کینیڈا کی سٹار تیراک سمر میکانٹوش بھی ایونٹ میں حصہ نہیں لے رہیں۔اس کے باوجود منتظمین کا کہنا ہے کہ مقابلے کامیاب ہوں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ملے گا۔واضح رہے کہ آسٹریلین ریاست وکٹوریہ کے پیچھے ہٹنے کے بعد گلاسگو گیمز کے شیڈول کی تاخیر سے تصدیق بھی اتھلیٹس کے غیر حاضر ہونے کی ایک بڑی وجہ بنی ہے۔








