مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات کو مکمل رکھا جائے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی انیل سعید کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اٹک۔ 24 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی انیل سعید کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں مون سون بارشوں کے پیش نظر صفائی ستھرائی کے انتظامات، نکاسی آب اور ممکنہ بارشوں سے قبل کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں افسران نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی کو مون سون کے دوران صفائی کے انتظامات، مختلف علاقوں میں نکاسی آب کی صورتحال اور بارشوں کے بعد فوری صفائی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی انیل سعید نے ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق اور مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل رکھا جائے اور بارشوں کے دوران کسی بھی علاقے میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں، گلیوں، بازاروں اور دیگر حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور بارش سے قبل نکاسی آب کے راستوں، نالوں اور ڈرینز کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کا پانی فوری طور پر نکالا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے دوران ستھرا پنجاب ایجنسی کا فیلڈ عملہ اور متعلقہ مشینری مکمل طور پر متحرک رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔انھوں نے مزید ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب ایجنسی کے تمام کنٹرول رومز ہمہ وقت فعال رکھے جائیں اور شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے بروقت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ عملہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں، صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی کریں اور بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔

مزید خبریں