سرگودھا ،موٹروے پولیس سیکٹر M-2 ساؤتھ اور اینٹی نارکوٹکس کی کارروائی،بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ سے6.2 کلو گرام منشیات برآمد،ایک ملزم گرفتار

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر M-2 ساؤتھ اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ سے6.2 کلو گرام منشیات برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔

سرگودھا۔ 24 جولائی (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر M-2 ساؤتھ اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ سے6.2 کلو گرام منشیات برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔

ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس کے فالکن-09 اور اے این ایف کی مشترکہ ٹیم نے کوٹ مومن انٹرچینج/ٹول پلازہ کے قریب ایک مشکوک سلور رنگ ٹویوٹا کرولا (رجسٹریشن نمبر AST-681) کو روک کر تلاشی لی۔ اس دوران گاڑی کے ڈیش بورڈ، اسٹیئرنگ اسمبلی اور گیئر کے خفیہ خانوں سے 5 کلو گرام آئس (میتھ ایمفیٹامین) اور 1.2 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، جن کا مجموعی وزن 6.2 کلو گرام بنتا ہے۔کارروائی کے دوران ملزم سید معتبر شاہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ بعد ازاں ملزم، برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف پولیس اسٹیشن فیصل آباد کے حوالے کر دیا گیا، جہاں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔سیکٹر کمانڈر ایم-2 ساؤتھ، ایس پی فیصل اکرم (PSP) نے کہا کہ موٹروے پولیس قومی شاہراہوں پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ منشیات اسمگلنگ، جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور مشترکہ کارروائیاں آئندہ بھی اسی جذبے سے جاری رہیں گی۔

مزید خبریں