ایف آئی اے فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ اور بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کا اہم رکن گرفتار کرلیا

ایف آئی اے فیصل آباد نے منظم انسانی سمگلنگ اور بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کا اہم رکن گرفتار کرلیا

فیصل آباد۔ 24 جولائی (اے پی پی):ایف آئی اے فیصل آباد نے منظم انسانی سمگلنگ اور بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کا اہم رکن گرفتار کرلیا ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد ثاقب سلطان المحمود نے بتایا کہ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی ٹیم نے انسانی سمگلنگ اور بین الاقوامی منشیات سمگلنگ کے سنگین مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم گل نواز کو پشاور سے کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم ایف آئی آر نمبر 32/2025 میں انسدادِ انسانی سمگلنگ ایکٹ 2018 کی دفعات 3، 4 اور دفعہ 406 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مطلوب تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر فیصل آباد کے معصوم شہریوں کو کم خرچ عمرہ پیکجوں کا جھانسہ دیتا تھا۔ بعد ازاں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں تحائف کے نام پر پارسل دے کر ہدایت کی جاتی تھی کہ وہ انہیں سعودی عرب میں ایک مخصوص شخص کے حوالے کریں۔جدہ ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے ان پارسلز سے آئس (میتھ ایمفیٹامین) برآمد کی، جس کے نتیجے میں بے گناہ عمرہ زائرین گرفتار ہوئے اور انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملزمان ایک منظم انسانی سمگلنگ اور بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک چلا رہے تھے، جو دھوکہ دہی کے ذریعے بے گناہ عمرہ زائرین کو منشیات کی ترسیل کے لیے بطور غیر ارادی کیریئر استعمال کرتے تھے۔ مقدمہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔ گھناؤنے نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور ملوث افراد کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید خبریں