زرعی تحقیق قومی ترقی اور غذائی تحفظ کی ضمانت ، سائنسدانوں کی خدمات قابل ستائش ہیں، وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا

وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ زرعی تحقیق قومی ترقی اور غذائی تحفظ کی ضمانت ہے اور زرعی سائنسدانوں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

پشاور۔ 24 جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ زرعی تحقیق قومی ترقی اور غذائی تحفظ کی ضمانت ہے اور زرعی سائنسدانوں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے زرعی تحقیقاتی ادارہ مینگورہ سوات کے سائنسدانوں کے اعزاز میں پشاور میں منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور زرعی سائنسدانوں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں عمر نے کہا کہ محققین اپنے علم اور تحقیق سے قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،انہوں نےکہا کہ اے آر آئی مینگورہ سوات کے سائنسدانوں نے زرعی تحقیق کے میدان میں شاندار خدمات انجام دی ہیں اور ان کی کارکردگی کے اعتراف میں یہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی تحقیق کے فروغ، سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ جدید تحقیق کے ثمرات برا ہ راست کاشتکاروں تک پہنچ سکیں۔ڈائریکٹر پلاننگ ایگریکلچر ریسرچ طاہر سجاد نے سائنسدانوں کی خدمات کے اعتراف پر مشیر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا جبکہ اے آر آئی مینگورہ سوات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر روشن علی نے اعزاز کو پورے محکمہ زراعت کی مشترکہ کامیابی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی جدید زرعی تحقیق کے ذریعے کاشتکاروں کی خدمت جاری رکھے گا۔تقریب میں اے آر آئی مینگورہ سوات کے سائنسدانوں کو تحقیقی خدمات اور نمایاں کارکردگی پر اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔

مزید خبریں