ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین کا وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان کے دفتر کا دورہ

ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین نے وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر و پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں سے تفصیلی ملاقات کی۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین نے وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر و پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں سے تفصیلی ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں تحریک آزادی کشمیر، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی تازہ ترین سیاسی و انسانی صورتحال، بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، خطے میں امن و استحکام اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے متعلق مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حریت قیادت نے وفد کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت گزشتہ کئی برسوں سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی، سیاسی اور مذہبی حقوق سلب کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ غیر قانونی گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی پر پابندیاں، مذہبی آزادیوں میں رکاوٹیں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔اس موقع پر ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی انصاف، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کی جدوجہد ہے جس کی حمایت ہر انصاف پسند انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور اخلاقی، قانونی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔جمشید حسین نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں، حقائق معلوم کرنے کے لیے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی مشن بھیجیں اور بھارت کو بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی پاسداری کا پابند بنائیں۔اس موقع پر کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے جمشید حسین اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ حریت رہنما محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری پرویز احمد ایڈووکیٹ، شیخ عبدلمتین، شیخ محمد یعقوب حاجی سلطان بٹ،سید گلشن احمد، شیخ عبدالماجد،، سید مشتاق، منظور احمد ڈار ، زاہد اشرف، محمد اشرف ڈار،محمد شفیع ڈار، عبدالمجید میر، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی اور ہیومن رائٹس کونسل سے مونس اخلاق وائس پریزیڈنٹ ، سعدیہ مرزا جوائنٹ سیکرٹری،حماد عباسی جنرل سیکرٹری، محمد علی صدر مشعل وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری امیرالعظیم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ مزید برآں تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کے بلند درجات، زخمیوں کی جلد صحت یابی، اسیران حریت کی جلد رہائی اور جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں