سپریم کورٹ ، بشام خودکش حملہ کیس میں 49 ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیل، سماعت 20 اگست تک ملتوی

سپریم کورٹ نے بشام میں چینی انجینئرز پر ہونے والے خودکش حملے کے مقدمے میں 49 ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر حکومتی اپیل کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر وکیل کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ نے بشام میں چینی انجینئرز پر ہونے والے خودکش حملے کے مقدمے میں 49 ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر حکومتی اپیل کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر وکیل کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔جسٹس نعیم اختر افغان نے پیر کو سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا ملزمان ٹرائل کورٹ میں پیش ہو رہے ہیں اور کیا وہ وکیل کی خدمات حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر ایک شریک ملزم نے عدالت کو بتایا کہ وہ غریب لوگ ہیں، ریڑھی لگا کر روزگار کماتے ہیں اور وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان پر دہشت گردی میں سہولت کاری کا الزام ہے، اس لیے وہ معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور وکیل مقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ شریک ملزم نذیر کا سم کارڈ خودکش حملہ آور کے زیر استعمال تھا۔عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان اپنے وکیل کے ساتھ پیش ہوں بصورت دیگر ان کی ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے بشام میں 26 مارچ 2024 کو ہونے والے خودکش حملے میں پانچ چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ حکومت نے اس مقدمے میں 49 ملزمان کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔