میرپور ڈویژن میں پرامن ماحول میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے،چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہو چکا ہے اور پرامن ماحول میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہو چکا ہے اور پرامن ماحول میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ انتخابات ہی وہ موقع ہے جب عوام ووٹ ڈال کر اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کر سکتے ہیں،عوام اپنے ووٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں اور ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے باہر نکلیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹرز کے پولنگ سٹیشنز تک آنے جانے کے لیے سکیورٹی کے موثر انتظامات موجود ہیں۔انہوں نے میرپور ڈویژن کے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے باہر نکلیں اور اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرکے حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں ، جو ان کا مذہبی اور قانونی فریضہ ہے۔