دریاخان،ضلع بھکر سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹی نے تاریخ رقم ردی

ضلع بھکر کے علاقے سرائے مہاجر سے تعلق رکھنے والے معروف ہارس بیک آرچر نجیب اللہ خان نیازی اور ان کی صاحبزادی اسوہ نجیب نے روس میں منعقدہ بین الاقوامی ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کرکے پاکستان سمیت ضلع بھکر کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔

دریاخان۔ 28 جولائی (اے پی پی):ضلع بھکر کے علاقے سرائے مہاجر سے تعلق رکھنے والے معروف ہارس بیک آرچر نجیب اللہ خان نیازی اور ان کی صاحبزادی اسوہ نجیب نے روس میں منعقدہ بین الاقوامی ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کرکے پاکستان سمیت ضلع بھکر کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔

بین الاقوامی مقابلوں میں باپ بیٹی کی اس باصلاحیت جوڑی نے گھڑ سواری اور تیر اندازی کے انتہائی مشکل مقابلوں میں غیرملکی کھلاڑیوں کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ اسوہ نجیب کم عمری میں اس اعزاز کو اپنے نام کرنے والی پاکستان کی نمایاں نوجوان کھلاڑیوں میں شامل ہو گئی ہیں، جبکہ نجیب اللہ خان نیازی کی شاندار کارکردگی نے بھی پاکستان کی ہارس بیک آرچری میں صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا۔ضلع بھکر کی اس تاریخی کامیابی پر مختلف سماجی، تعلیمی اور کھیلوں کے حلقوں نے نجیب اللہ خان نیازی اور اسوہ نجیب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی یہ کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ثابت ہوگی اور ملک میں ہارس بیک آرچری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔اہلیانِ ضلع بھکر نے باپ بیٹی کی اس غیر معمولی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا ہے۔