صوابی میں ہفتہ شہداپولیس، شہداکے گھروں اور قبروں پر حاضری کا سلسلہ جاری

صوابی میں ہفتہ شہدا پولیس منایا جا رہا ہے ،اس سلسلے میں شہداکے گھروں اور قبروں پر حاضری کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور۔ 31 جولائی (اے پی پی):صوابی میں ہفتہ شہدا پولیس منایا جا رہا ہے ،اس سلسلے میں شہداکے گھروں اور قبروں پر حاضری کا سلسلہ جاری ہے۔

تر جمان صوابی پولیس کے مطابق ضلع بھر میں ہفتہ شہدا پولیس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں شہداکو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈی ایس پی سرکل رزڑ شکیل خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ کالوخان ہارون خان، بیٹ افسران نواز علی خان، حمزہ راج اور دیگر پولیس اہلکاروں نے حدودِ کالوخان میں شہدا کے گھروں کا دورہ کیا۔ پولیس افسران نے شہداکے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی، مسائل سنے اور شہداکے بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر پولیس افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنے عظیم شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور شہداکے اہلِ خانہ کی عزت، دلجوئی اور ہر ممکن معاونت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔