وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے براڈ پیک (8,047 میٹر) پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع ہونے کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو فوری اور موثر ریسکیو آپریشن کے احکامات دیئے ہیں ۔
براڈ پیک پر بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا

مزید خبریں
گلگت۔ 31 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے براڈ پیک (8,047 میٹر) پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع ہونے کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو فوری اور موثر ریسکیو آپریشن کے احکامات دیئے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ نے الپائن کلب آف پاکستان (ACP) اور ضلع شگر انتظامیہ کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے بعد متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پاکستان آرمی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے تلاش اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعلی نے کہا ہے کہ معروف کوہ پیما نرمل نمس پورجا کی قیادت میں جانے والی اس بین الاقوامی ٹیم جس میں ہنزہ کے کوہ پیما سہیل سخی، نیپال، امریکا، عمان، چین اور دیگر ممالک کے کوہ پیما شامل ہیں تمام کوہ پیماوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نامساعد موسمی حالات کے باوجود فضائی اور زمینی ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھا جائے تاکہ جیسے ہی موقع ملے فوری امداد پہنچائی جا سکے۔وزیر اعلیٰ امجد حسین نے اس افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کوہ پیماؤں کی خیریت کے لیے دعا کی اور تمام ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ریسکیو پیشرفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں۔








