گورنر خیبرپختونخوا کا پشاور کی تاریخی نمک منڈی میں قائم جیمز مارکیٹ کا دورہ ، صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کی تاریخی نمک منڈی میں قائم جیمز مارکیٹ کا دورہ کیا۔

پشاور۔ 31 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کی تاریخی نمک منڈی میں قائم جیمز مارکیٹ کا دورہ کیا۔

جہاں انہوں نے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور نمائندوں سے ملاقات کی اور قیمتی پتھروں کی صنعت کو درپیش مسائل، چیلنجز اور تجاویز سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخار احمد، سرپرستِ اعلیٰ حاجی معمور خان اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخار احمد نے گورنر خیبرپختونخوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پشاور کی نمک منڈی عالمی سطح پر قیمتی پتھروں کی تجارت کا ایک اہم مرکز ہے، تاہم یہاں جیم اسٹونز کی جانچ، تصدیق، کٹنگ اور پالشنگ کی جدید سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے حکومت کی نئی جیم اسٹونز پالیسی اور اس شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران خیبرپختو نخوا میں قیمتی پتھروں کی کوئی بڑی بین الاقوامی نمائش منعقد نہیں ہوئی، لہٰذا پشاور میں بین الاقوامی جیمز ایکسپو کے انعقاد کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے جیمز سٹی اور ڈرائی پورٹ کے قیام، برآمدکنندگان کو درپیش ویزا مسائل کے حل اور قیمتی پتھروں کی نقل و حمل اور تجارت پر عائد غیر ضروری پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نمک منڈی کی تنگ گلیوں میں تقریباً پانچ ہزار دکانیں قائم ہیں، تاہم مختلف انتظامی اور تجارتی مسائل کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جس کےمنفی اثرات برآمدات پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔گورنرخیبر پختو نخوا فیصل کریم کنڈی نے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ قیمتی پتھروں کی صنعت سے وابستہ تمام جائز مسائل متعلقہ حکام اور وفاقی حکومت کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختو نخوا معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور قیمتی پتھروں کا شعبہ برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔گورنر نے کہا کہ انہوں نے ایک روز قبل پاکستان میں تعینات امریکی سفارتی حکام سے ملاقات کے دوران بھی خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مختلف ممالک کے سفارت خانوں کے ساتھ مؤثر روابط اور مسلسل مشاورت ناگزیر ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور میں بین الاقوامی جیمز ایکسپو کے انعقاد سے نہ صرف خیبرپختونخوا کا مثبت اور پرامن تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہوگا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں، تاجروں اورخریداروں کو بھی صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔انہوں نے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو یقین دہانی کرائی کہ ٹیکسوں، جیمز سٹی کے قیام، ڈرائی پورٹ اور دیگر پالیسی امور سمیت صنعت کو درپیش تمام مسائل متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھائے جائیں گے تاکہ ان کا دیرپا اور عملی حل یقینی بنایا جا سکے۔