کوئلہ کان کے حادثے میں کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں،میر شعیب نوشیروانی

وزیر مائنز اینڈ منرلز بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ سورینج میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے میں دودرجن سےزائد کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے ۔

کوئٹہ۔ 31 جولائی (اے پی پی):وزیر مائنز اینڈ منرلز بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ سورینج میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے میں دودرجن سےزائد کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے ۔

ڈی جی پی آر سے جاری خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر صوبائی حکومت ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور چیف انسپکٹر آف مائنز، پی ڈی ایم اے، ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ حکومت متاثرہ کان کنوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر کان کن کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمی ہونے والے ہر کان کن کو تین لاکھ روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں حفاظتی انتظامات اور مائن سیفٹی کے نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حادثے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔میر شعیب نوشیروانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق کان کنوں کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔