کراچی ،پولیس نے کمسن بچی کی موت کا کیس حل کرلیا، ملزم گرفتار

شریف آباد پولیس نے ایف سی ایریا رئیس امروہوی کالونی میں کمسن بچی فروا کے جاں بحق ہونے کا کیس چند ہی گھنٹوں میں ٹریس کرکے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا جو کہ بچی کا والد ہے۔

کراچی۔ 31 جولائی (اے پی پی):شریف آباد پولیس نے ایف سی ایریا رئیس امروہوی کالونی میں کمسن بچی فروا کے جاں بحق ہونے کا کیس چند ہی گھنٹوں میں ٹریس کرکے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا جو کہ بچی کا والد ہے۔

جمعہ کوترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق ابتدائی طور پر بچی کے والد محمد رحمان نے دورانِ ڈکیتی مزاحمت پرگولی لگنے کا دعوی کیا تھااور پولیس کو جائے وقوعہ کی نشاندہی نہیں کروائی جبکہ موقع سے نہ خون ملا اور نہ ہی پستول کے خول برآمد ہوئے تھے۔ ملزم بچی کی میت پوسٹ مارٹم کے بغیر عباسی شہید اسپتال سے لے کر روانہ ہوگیا تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بچی فروا کو اس کے والد محمد رحمان سے ہی حادثاتی طور پر گولی لگی،ملزم رائفل صاف کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی۔ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایا اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے آلہ قتل رائفل اورملزم کے خون آلود کپڑے بھی برآمد کر لیے۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیاہے۔