وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا براڈ پیک پر کوہ پیمائوں سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاعات کا نوٹس

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن کی ہدایت کی ہے۔

یہاں جاری بیان میں وفاقی وزیر نے الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) اور ضلع شگر انتظامیہ کی جانب سے موصول ہونے والی تشویشناک اطلاعات کے بعد متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پاکستان آرمی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے تلاش اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ معروف کوہ پیما نرمل ’’نمس‘‘ پورجا کی قیادت میں جانے والی اس بین الاقوامی ٹیم جس میں ہنزہ کے کوہ پیما سہیل سخی، نیپال، امریکا، عمان، چین اور دیگر ممالک کے کوہ پیما شامل ہیں تمام کوہ پیماوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وفاقی وزیر نے اس افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کوہ پیماؤں کی خیریت کے لیے دعا کی اور تمام ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ریسکیو پیشرفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں۔