آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کے 12 حلقوں سمیت 21 حلقوں میں پولنگ (آج) اتوار کو ہو گی

"آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کے 12 حلقوں سمیت 21 حلقوں میں پولنگ آج اتوار کو ہوگی۔ اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں، جبکہ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کے 12 حلقوں سمیت 21 حلقوں میں پولنگ (آج) اتوار کو ہو گی۔اس مرحلہ میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں،پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کرتے ہوئے انتخابی سامان اور پولنگ عملے کی متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر ترسیل کا عمل شروع کر دیا ہےجبکہ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔دوسرے مرحلے میں 21 نشستوں پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں ضلع نیلم کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 51 ہزار 911، ضلع جہلم ویلی کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 اور ضلع مظفرآباد کی پانچ نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز شامل ہیں۔ان 9 نشستوں پر 208 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار مدمقابل ہیں۔الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن میں 1483 پولنگ اسٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8،حساس پر 6 اور معمول کے پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ضلع مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ضلع مظفرآباد کی پانچ،نیلم اور جہلم ویلی کی 4 نشستوں پر کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں۔یہاں سے مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر،استحکام پاکستان پارٹی کے صدر سردار تنویر الیاس نیلم کے بالائی حلقہ ایل اے 25 پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔شاہ غلام قادر نیلم کے دونوں حلقوں سے امیدوار ہیں۔وہاں ان کا مقابلہ سابق وزیر حکومت میاں وحید سے ہے۔اسی طرح سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان جہلم ویلی کے حلقہ چکار سے میدان میں ہیں۔سپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر کھاوڑہ سے امیدوار ہیں،جہاں انہیں سخت مقابلہ کا سامنا ہے۔لیپہ ویلی سے گزشتہ انتخابات میں ایک پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے والے چوہدری رشید اور دیوان علی خان چغتائی مدمقابل ہیں۔کوٹلہ کے حلقہ سے کوٹلہ عوامی اتحاد کے حمایت یافتہ امیدوار سردار تبارک علی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔مظفرآباد شہر کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار بیرسٹرافتخار گیلانی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار مختار عباسی کے درمیان بھی گھمسان کا جوڑ پڑے گا۔انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت پولنگ ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا جاسکے گا

مزید خبریں