صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

"صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ہفتہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ رزمک آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا سکیورٹی فورسز کی جرات اور عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حافظ احسان الٰہی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ دے کر فرض شناسی، جرات اور قیادت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاکستان کے دفاع کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں