سرگودھا میں فارمیکا شیٹس،فرنیچر بنانے والے کارخانے میں آتشزدگی، ریسکیو 1122 نے قابو پا لیا

سرگودھا کے علاقے ظفر کالونی میں فارمیکا شیٹس اور فرنیچر بنانے والے کارخانے میں آگ لگ گئی، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی املاک کو بچا لیا۔

سرگودھا۔ 02 اگست (اے پی پی):سرگودھا کے علاقے ظفر کالونی میں فارمیکا شیٹس اور فرنیچر بنانے والے کارخانے میں آگ لگ گئی، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی املاک کو بچا لیا۔ اتوار کی صبح تقریباً 4 بجے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم ریسکیو 1122 سرگودھاکو اطلاع موصول ہوئی ظفر کالونی بلال مسجدگلشنِ جمال روڈ سرگودھا میں واقع فارمیکا شیٹس اور فرنیچر بنانے والے ایک کارخانے کے ایڈمن آفس میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سرگودھا ڈاکٹر مظہر شاہ کی ہدایات پر 5 فائر وہیکلز اور 1 ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔ر

یسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور فوری طور پر جائے وقوعہ کا تفصیلی حفاظتی جائزہ لیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایڈمن آفس میں موجود لیپ ٹاپ کی بیٹری میں سپارکنگ کے باعث آگ بھڑکی، جس نے دفتر میں موجود فرنیچر کو اپنی لپیٹ میں لیا اور بعد ازاں پورے کارخانے میں پھیل کر وہاں موجود فارمیکا (لاثانی) شیٹس تک پہنچ گئی۔ ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے فوری طور پر انسڈنٹ کمانڈ سسٹم (ICS) کے تحت فائر فائٹنگ آپریشن شروع کیا، فائر زون قائم کیا، اردگرد کے حصوں کومحفوظ بنایا، جدید فائر فائٹنگ آلات اور ہائی پریشر واٹر جیٹس کی مدد سے مختلف اطراف سے آگ پر بھرپور حملہ کیا اور مسلسل کولنگ کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر حکمت عملی اور مربوط ٹیم ورک کے ذریعے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ آپریشن کے دوران کارخانے کی لوہے کی چادروں سے بنی چھت آگ کی شدت کے باعث منہدم ہو گئی، تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کے باعث آگ کو ملحقہ حصوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ جبکہ ریسکیو 1122 کی مؤثر اور بروقت کارروائی کے باعث تقریباً 10 ملین مالیت کی املاک اور سامان کو محفوظ بنا لیا گیا۔

فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد متاثرہ مقام کا دوبارہ معائنہ کیا گیا، کولنگ کا عمل مکمل کیا گیا اور اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ آگ دوبارہ بھڑکنے کا کوئی خطرہ باقی نہ رہے۔ واقعہ کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو بھی دے دی گئی۔ ریسکیو 1122 کی بروقت، مؤثر، محفوظ اور پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کارروائی کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔