اسلام آباد ٹریفک پولیس کا پیر 3 اگست کو چہلم کے موقع پر ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے پیر 3 اگست کو چہلم کے موقع پر جاری ٹریفک پلان میں کہا ہے کہ مسافر متبادل راستوں کا استعمال کریں تا کہ ٹریفک کے رخ موڑنے اور سڑکوں کی بندش کے باعث ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ آئی ٹی پی کے حکام نے اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ چہلم کے موقع پر صبح 7 بجے …

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے پیر 3 اگست کو چہلم کے موقع پر جاری ٹریفک پلان میں کہا ہے کہ مسافر متبادل راستوں کا استعمال کریں تا کہ ٹریفک کے رخ موڑنے اور سڑکوں کی بندش کے باعث ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ آئی ٹی پی کے حکام نے اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ چہلم کے موقع پر صبح 7 بجے سے مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ موڑا جائے گا اور شاہراہیں بھی بند کی جائیں گی۔

آئی ٹی پی نے کہا کہ چہلم کے مرکزی جلوس کا امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے بعد از دوپہر ایک بجے آغاز ہوگا جو جی سکس سروس روڈ، صدر روڈ، سٹریٹ نمبر 33، 40، میونسپل روڈ، میلوڈی چوک ، شہدا چوک، آبپارہ پولیس اسٹیشن ، پولی کلینک اور لقمان حکیم روڈ سے ہوتا ہوا اپنے مقررہ مقام پر جا کر اختتام پذیر ہوگا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مسافروں کی سہولت کےلئے چہلم کے موقع پر درج ذیل شاہراہوں کی بندش کی تفصیلات جاری کی ہے جن میں روٹ نمبر ایک فضل الحق روڈ کلثوم پلازہ چوک تا چائنہ چوک تک دونوں اطراف سے بند رہے گی۔ اسی طرح روٹ نمبر دو سہروردی روڈ دامن کوہ چوک سے چاند تارہ چوک براستہ بلیو ایریا آوٹر لوپ تا سیونتھ ایونیو چوک تک دونوں اطراف سے بند ہوگی۔ اسی طرح روٹ نمبر 3 صدر روڈ اقبال ہال سے میلوڈی چوک تک، روٹ نمبر 4 میونسپل روڈ لال مسجد تا شہدا چوک/ جی پی او چوک اور روٹ نمبر 5 لقمان حکیم روڈ پولی کلینک سے اقبال ہال تک مکمل بند رہیں گی۔

آئی ٹی پی نے متبادل روٹس کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ روٹ نمبر 1 پر سفر کے خواہشمند حضرات جناح ایونیو جبکہ روٹ نمبر 2 کے لئے متبادل راستہ جناح ایونیو، سہروردی روڈ اور مارگلہ روڈ استعمال کیا جائے۔ اسی طرح روٹ نمبر 3 براہ آبپارہ سہروردی روڈ جبکہ روٹ نمبر 4 شہید ملت روڈ اور روٹ نمبر 5 کےلئے جناح ایونیو کا متبادل راستہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ چہلم کے موقع پر ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کےلئے متبادل شاہراہیں استعمال کریں اور اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل صرف مخصوص مقامات پر پارک کریں۔ انہوں نے کہا کہ مزید ہدایت کی کہ اس حوالے سے معلومات کےلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یا ایف ایم 92.4 سے تازہ ترین معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔