ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کادسواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا۔وزیرِاعظم کی ہدایت پر یہ اجلاس روزانہ کی بنیا د پر ہو رہا ہے۔
ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا 10ویں اجلاس ، مون سون کی صورتحال، امدادی و بحالی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کادسواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا۔وزیرِاعظم کی ہدایت پر یہ اجلاس روزانہ کی بنیا د پر ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ وفاقی و صوبائی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے اور این ای او سی ٹیم نے ملک بھر میں مون سون کی صورتحال، جانی و مالی نقصانات، امداد و بحالی سرگرمیوں پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
چئیرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ متوقع بارشوں کے باعث تمام ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ڈپٹی کمشنر کوصورتحال سے بر وقت آگاہ کر دیا گیا ہے ۔کمیٹی کو حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور متعلقہ وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کے بروقت امدادی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔این ای او سی نے آگاہ کیا کہ آئندہ دنوں میں شمالی و وسطی علاقوں جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں کے تعاون سے جاری ریلیف سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی۔
این ڈی ایم اے ٹیم نے کمیٹی کو بتایا کہ حالیہ مون سون کے دوران ہونے والی زیادہ تر اموات کچے مکانات گرنے اور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوئیں ۔اجلاس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ، پیشگی تیاری، امدادی کارروائیوں اور بحالی کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔









