"وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر راولپنڈی کے عوام، مہاجرینِ کشمیر اور پارٹی کارکنوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔”
بیرسٹر دانیال چوہدری کی راولپنڈی میں مہاجرین کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر عوام، مہاجرین کشمیر اور پارٹی کارکنوں کو دلی مبارکباد

مزید خبریں
راولپنڈی۔2اگست (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر راولپنڈی کے عوام، مہاجرین کشمیر اور پارٹی کارکنوں کو دلی مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام اور مہاجرین نے ایک بار پھر قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے بیانیے پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تینوں نشستیں جیت کر انہیں تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیری عوام آج بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مہاجرین کشمیر نے اپنے ووٹ کی طاقت سے یہ واضح کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی ان کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور ہمارے دل کی دھڑکن ہے، کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ماضی کی طرح آئندہ بھی مہاجرین کشمیر اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور مہاجرین کی نشستوں کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔








