اسپیکر قومی اسمبلی کی سوات بم دھماکے کی شدید مذمت، دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایاز صادق

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سوات کے علاقے کبل میں تھانے کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سوات کے علاقے کبل میں تھانے کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کو سپیکر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق سردار ایاز صادق نےجاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے،دہشت گرد انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش قومی اتحاد اور عزم سے ناکام بنائی جائے گی۔ سردار ایاز صادق نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔