چیئرمین سینیٹ کی سوات دھماکے کی شدید مذمت، دہشت گردی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتی، یوسف رضا گیلانی

"چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سوات کے علاقے کبل میں پولیس تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔”

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سوات کے علاقے کبل میں پولیس تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کےلواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔انہوں نےدھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، اتفاق اور مشترکہ کوششوں سے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔