وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان کی کبل سوات میں دھماکے کی شدید مذمت

"خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے سوات کے علاقے کبل میں پولیس تھانے کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔”

پشاور۔ 02 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے سوات ے علاقے کبل میں پولیس تھانے کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت عام شہریوں کی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، یہاں سے جاری بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعے میں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے نہ تو پولیس کے حوصلے پست کر سکتے ہیں اور نہ ہی عوام کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں ،دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت ان کے علاج معالجے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکومت شہدا کے خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ وزیر اطلاعات شفیع جان نے شہدا کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔