اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):پاکستان کی سینیٹ کا پارلیمانی وفد 3 اور 4 اگست 2026 کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقد ہونے والےیونائٹ گلوبل سمٹ 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ "پارلیمانی قیادت اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مساوی، مضبوط اور پائیدار عالمی صحت کے نظام کے فروغ" کے موضوع پر منعقد ہونے والے اس عالمی اجلاس میں دنیا بھر سے ارکانِ پارلیمنٹ، پالیسی ساز، بین الاقوامی …
سینیٹ کا پارلیمانی وفدفلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقد ہونے والے یونائٹ گلوبل سمٹ 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):پاکستان کی سینیٹ کا پارلیمانی وفد 3 اور 4 اگست 2026 کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقد ہونے والےیونائٹ گلوبل سمٹ 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
"پارلیمانی قیادت اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مساوی، مضبوط اور پائیدار عالمی صحت کے نظام کے فروغ” کے موضوع پر منعقد ہونے والے اس عالمی اجلاس میں دنیا بھر سے ارکانِ پارلیمنٹ، پالیسی ساز، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے اور صحت کے ماہرین شریک ہوں گے۔ پاکستانی وفد میں سینیٹر خالدہ عتیب، سینیٹر حسنہ بانو، سینیٹر راحت جمالی، سینیٹر ندیم احمد بھٹو، چیئرمین سینیٹ کے مشیر مصباح کھر اور ڈائریکٹر جنرل شاہانہ افتخار شامل ہیں۔وفد کی تشکیل اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ سینیٹ آف پاکستان بین الاقوامی پالیسی سازی کے فورمز پر مختلف سیاسی جماعتوں کی مؤثر نمائندگی اور جامع شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ہمیشہ عالمی پلیٹ فارمز پر فعال شرکت کے ذریعے پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری کومضبوط بنانے کے حامی رہے ہیں جبکہ خواتین اور اقلیتوں کے بین الاقوامی پالیسی سازی میں کردار کے فروغ پر بھی زور دیتے رہے ہیں۔دو روزہ اجلاس کےدوران پاکستانی وفد اعلیٰ سطحی اجلاسوں، پارلیمانی مکالموں،قائدانہ فورمز، پالیسی ورکشاپس اور پینل مباحثوں میں شرکت کرے گا۔ ان سیشنز میں صحت کے شعبے کی پائیدار مالی معاونت، عالمی سطح پر حفاظتی ٹیکہ جات، ذہنی صحت،موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ صحت کے نظام، وباؤں سے نمٹنے کی تیاری، ڈیجیٹل ہیلتھ گورننس اور علاقائی و عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں تعاون جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔وفد مختلف ممالک کےارکان پارلیمنٹ، حکومتی نمائندوں، ترقیاتی شراکت داروں اور بین الاقوامی اداروں سےملاقاتیں بھی کرے گا تاکہ تجربات کا تبادلہ، شواہد پر مبنی قانون سازی کو فروغ اور صحت کے ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جا سکے۔پاکستان اس موقع پر پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) سے ہم آہنگ عوام دوست اور جامع صحت کی پالیسیوں کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کرے گا۔سینیٹ کے وفد کی اس عالمی اجلاس میں شرکت پاکستان کے پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ، عالمی تعاون کے استحکام اور مضبوط، مساوی اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔








