"وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں فیصل آباد میں قائم مختلف پولنگ اسٹیشنوں اور پولنگ بوتھوں کا تفصیلی دورہ کیا۔”
شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات جمہوریت کی روح اور مضبوط جمہوری نظام کی بنیاد ہیں، رانا احسان افضل

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 02 اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں فیصل آباد میں قائم مختلف پولنگ اسٹیشنوں اور پولنگ بوتھوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
انہوں نے انتخابی عمل، سکیورٹی انتظامات اور ووٹرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انتخابی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کشمیری ووٹرز کے لیے شفاف، منظم اور پرامن انتخابی ماحول ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ دورے کے دوران رانا احسان افضل نے پولنگ اسٹیشنوں پر قائم مختلف پولنگ بوتھوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے انتخابی عملے اور انتظامی افسران سے ملاقات کی اور پولنگ کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور ووٹرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران ووٹرز کی آسانی، نظم و ضبط اور شفافیت کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ ہر ووٹر بلا خوف و خطر اپنے جمہوری حق کا استعمال کر سکے۔ بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رانا احسان افضل نے کہا کہ شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات جمہوریت کی روح اور مضبوط جمہوری نظام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے ووٹرز کا انتخابی عمل میں بھرپور اور پرجوش انداز میں حصہ لینا جمہوری شعور کا مظہر ہے جو بہت ہی قابل تحسین ہے۔ رانا احسان افضل نے انتخابی عملے، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل اسی خوش اسلوبی اور شفاف انداز میں مکمل ہوگا اور اس کے نتائج عوامی رائے کی حقیقی عکاسی کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت ہر سطح پر آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔








