"وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی یا شکست کو جمہوری روایت کے مطابق قبول کیا جانا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی نتائج پر غیر ضروری تنازع کھڑا کرنے کے بجائے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔”
انتخابات میں کامیابی یا شکست کو جمہوری روایت کے مطابق قبول کیا جانا چاہیے ،وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی یا شکست کو جمہوری روایت کے مطابق قبول کیا جانا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی نتائج پر غیر ضروری تنازع کھڑا کرنے کے بجائے پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اتوار کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ شکست کی صورت میں اپنے مخالفین کو مبارکباد دینے کا اخلاقی حوصلہ پیدا کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اسے مبارکباد دی تھی۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کامیابی اور ناکامی دونوں کو کھلے دل سے قبول کرنے کی روایت اپنانی چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس موجود اطلاعات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) تمام انتخابی حلقوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور جمہوری استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور نتائج کو خوش اسلوبی سے قبول کریں۔








