والی بال،پولینڈ نے مسلسل دوسری بار مردوں کی وی این ایل کا ٹائٹل جیت لیا

پولینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد امریکا 2-3 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ایف آئی وی بی مردوں کی والی بال نیشنز لیگ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا جبکہ سلووینیا نے جاپان کو 1-3 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اپنا پہلا تمغہ حاصل کر لیا۔

بیجنگ ۔3اگست (اے پی پی):پولینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد امریکا 2-3 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ایف آئی وی بی مردوں کی والی بال نیشنز لیگ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا جبکہ سلووینیا نے جاپان کو 1-3 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اپنا پہلا تمغہ حاصل کر لیا۔

شنہوا کے مطابق چین کے شہر ننگبو میں واقع بیلون جمنازیم میں کھیلے گئے ایف آئی وی بی مردوں کی والی بال نیشنز لیگ کے فائنل میچ میں عالمی نمبر ون پولینڈ نے پہلا سیٹ 21-25سے جیتا، تاہم امریکا نے زبردست واپسی کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹس 23-25 اور 25-27 سے اپنے نام کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔ چوتھے سیٹ میں 20-20 کے برابر سکور پر پولینڈ کے ٹامس فارنل نے بہترین سروسز کے ذریعے اپنی ٹیم کو 23-25 سے کامیابی دلا کر میچ کو فیصلہ کن پانچویں سیٹ میں دھکیل دیا۔

پانچویں اور آخری سیٹ میں 5-5 کے سکور کے بعد پولینڈ نے امریکی کھلاڑیوں کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 7-13 کی اہم برتری حاصل کی اور آخر کار یہ سیٹ 10-15سے جیت کر اپنا تیسرا وی این ایل ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پولینڈ کے ٹامس فارنل کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی (ایم وی پی) قرار دیا گیا۔اس سے قبل کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں سلووینیا نے جاپان کو 1-3 (21-25، 28-26، 22-25، 22-25) سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ ماضی میں تین بار چوتھی پوزیشن پر رہنے والی سلووینین ٹیم کے لیے یہ کامیابی کسی بھی بڑے وی این ایل تمغے کے حصول کی پہلی تاریخی پیش رفت ہے۔