چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر صوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
چہلم حضرت امام حسین کے عزاداری جلوسوں اور مجالس کےلئے سکیورٹی انتظامات مکمل

مزید خبریں
لاہور۔3اگست (اے پی پی):چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر صوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر 730 مجالس اور 420 عزاداری جلوس منعقد ہوں گے، جن کی سکیورٹی کے لیے لاہور سمیت صوبہ بھر میں 42 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے۔
لاہور میں 44 مجالس اور 17 جلوسوں کی سکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی چیکنگ کے لیے 390 واک تھرو گیٹس اور 6 ہزار 427 میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کیے جائیں گے، جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور رضاکار بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گے۔پیر کو جاری بیان میں آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت داتا علی ہجویری کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سکیورٹی کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں اور سپیشل کنٹرول رومز سے چہلم کے جلوسوں، مجالس اور عرس کی تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوسوں کے روٹس پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے، خواتین عزاداروں کی تلاشی اور سکیورٹی کے لیے لیڈی پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گی، جبکہ امن کمیٹیوں، کمیونٹی لیڈرز اور سول سوسائٹی سمیت تمام متعلقہ فریقین سےرابطہ اور تعاون یقینی بنایا جائے گا۔








