ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں نیوزی لینڈ کی مردوں کی ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں شریک ٹیموں کے تعارفی سلسلے میں نیوزی لینڈ کی مردوں کی ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق عالمی درجہ بندی میں گیارہویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں سال 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی 12ویں شرکت کرے گی، جبکہ …

لاہور۔3اگست (اے پی پی):ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں شریک ٹیموں کے تعارفی سلسلے میں نیوزی لینڈ کی مردوں کی ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق عالمی درجہ بندی میں گیارہویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں سال 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی 12ویں شرکت کرے گی، جبکہ یہ مسلسل آٹھواں موقع ہوگا جب بلیک سٹکس ورلڈ کپ کا حصہ بنیں گے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی ساتویں پوزیشن رہی ہے، جو وہ پانچ مرتبہ حاصل کر چکی ہے، آخری بار 2023 کے ورلڈ کپ میں اس نے یہی مقام حاصل کیا تھا۔ ٹیم نے 2025 کے اوشیانا کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کیا۔ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو سو سے زائد بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔ ان میں کین رسل (224)، نک ووڈز (194)، ڈین لیٹ (157)، کپتان سیم لین (133) اور ایڈن ساریکایا (103) شامل ہیں۔ٹیم کے ہیڈ کوچ گریگ نکول ہیں، جو جنوبی افریقا کے سابق بین الاقوامی فارورڈ رہ چکے ہیں۔

وہ 2022 سے نیوزی لینڈ کے کوچ ہیں اور ان کی قیادت میں بلیک سٹکس مسلسل دو مرتبہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ کا ٹائٹل جیت چکی ہے۔کپتان سیم لین نے کہا ہے کہ میزبان نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ کھیلنے کا خیال ہی جوش و خروش سے بھر دیتا ہے۔ ڈچ شائقین پرجوش ہوتے ہیں اور بہترین ہاکی دیکھنا پسند کرتے ہیں، اس لیے اس ماحول میں کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔