مہمند پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ امبار کی حدود خارئی درہ پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ۔دہشت گرد فرار ہو نے میں کا میاب ہو گئے ۔
مہمند پولیس کی جوابی کارروائی، تھانہ امبار کی حدود خارئی درہ پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، دہشت گرد فرار
پشاور۔ 03 اگست (اے پی پی):مہمند پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ امبار کی حدود خارئی درہ پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ۔دہشت گرد فرار ہو نے میں کا میاب ہو گئے ۔تر جمان مہمند پولیس کے مطابق تھانہ امبار کی حدود میں واقع خارئی درہ پولیس پوسٹ پر نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، تاہم پولیس جوانوں نے بروقت جوابی فائرنگ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند رضا محمد موقع پر پہنچے، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کی قیادت سنبھالی اور تمام کارروائی کی نگرانی کی۔پولیس کے بھرپور دباؤ اور موثر حکمت عملی کے باعث دہشت گرد کھیمور پہاڑ کے راستے ضلع باجوڑ کی جانب فرار ہوگئے۔
دہشت گردوں کے فرار کے دوران ان سے ایک عدد وائرلیس ہینڈ سیٹ موقع پر گر گیا، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اس کارروائی کے دوران مقامی افراد نے بھی پولیس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کا تعاقب کیا، جس سے عوام اور پولیس کے مضبوط باہمی تعاون کی ایک بہترین مثال قائم ہوئی۔ڈی پی او مہمند رضا محمد نے پولیس جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہمند پولیس عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے ہر خطرے کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ضلع کے امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔









