چیچہ وطنی، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی برادرانہ تعلقات اور باہمی محبت پر مبنی ہے، وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ

"وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے شکاگو میں زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ تیسرے ترک ہیریٹیج فیسٹیول میں شرکت کی۔”

چیچہ وطنی۔ 03 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے شکاگو میں زکوٰة فاؤنڈیشن آف امریکہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ تیسرے ترک ہیریٹیج فیسٹیول میں شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف ثقافتی، معلوماتی اور کمیونٹی اسٹالز کا دورہ کیا اور فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی برادرانہ تعلقات اور باہمی محبت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے ثقافتی تہوار دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے اور باہمی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ زکوٰة فاؤنڈیشن آف امریکہ نے ایک شاندار فیسٹیول کا انعقاد کیا ہے اور پاکستان کی نمائندگی کے لیے مدعو کیا جانا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ اور زکوٰة فاؤنڈیشن آف امریکہ دونوں غربت کے خاتمے اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہے ہیں، لہذا اس پلیٹ فارم پر خیالات اور تجربات کا تبادلہ نہایت خوش آئند ہے۔سید عمران احمد شاہ نے فیسٹیول میں مسلم اور غیر مسلم کمیونٹیز کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات بین الثقافتی ہم آہنگی، سماجی یکجہتی اور باہمی احترام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیاں مختلف ثقافتوں اور قومیتوں کے درمیان دوستی، تعاون اور خیرسگالی کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتی رہیں گی