"وزیر مواصلات نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو بڑھ کر 127 ارب روپے ہو چکا ہے، جبکہ متعدد موٹرویز کے منصوبوں پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔”
این ایچ اے کا ریونیو 127 ارب ہو چکا، متعدد موٹرویز پر کام جلد شروع ہو گا، وزیر مواصلات
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 64 ارب روپے سے بڑھ 127 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے، جس کی بدولت پاکستان اب بغیر کسی بیرونی امداد کے اپنے وسائل سے موٹرویز اور شاہراہوں کا نیٹ ورک پھیلا رہا ہے۔
کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو جوڑنے کے لیے تاریخی "گرو نانک ایکسپریس وے”، اسلام آباد تا لاہور سفر میں 100 کلومیٹر کی بچت کے لیے سیالکوٹ-کھاریاں-راولپنڈی شاہراہ اور M-6 پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔وہ منگل کونیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس آڈیٹوریم، اسلام آباد میں "یومِ شہدائے پولیس” کی تقریب سے بطور مہمانِ خاص خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 4 اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور سی سی پی او پشاور صفوت غیور کی عظمت و شہادت تمام سکیورٹی فورسز کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے 59 شہدا سمیت تمام شہدائے پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ موٹروے پولیس کے پٹرولنگ افسران کے تحفظ کے لیے ٹول پلازوں کے قریب جدید پولیس سٹیشنز، پارکنگ اور ایمبولینس سروس بھی قائم کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو جوڑنے کے لیے "گرو نانک ایکسپریس وے” پر کام جاری ہے جس سے دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کے لیے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ سیالکوٹ-کھاریاں-راولپنڈی شاہراہ کی تعمیر سے اسلام آباد سے لاہور کے سفر میں 100 کلومیٹر فاصلے اور ایک گھنٹہ وقت کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مری ایکسپریس وے کی مظفرآباد تک توسیع سے آزاد کشمیر کو بین الاقوامی سفری سہولیات ملیں گی، جبکہ موٹروے شاہراہِ قراقرم کا بہترین متبادل بن کر چین کے ساتھ سٹریٹجک روابط مضبوط کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ سے تجارتی نقل و حمل کے لیے M-10 اور لیاری ایکسپریس وے کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ M-6 موٹروے پر جلد کام شروع ہوگا اور بلوچستان میں M-8 منصوبوں سے ایران کے ساتھ سرحدی تجارت کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گلگت کی سیاحتی سڑکوں پر کام جاری ہے جبکہ این-25 (N-25) اگلے سال تک مکمل کر لی جائے گی۔









