"وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر قوم کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش اور پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔”
شہدائے پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں، وفاقی وزیر ریلوے

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ’’یومِ شہدائے پولیس‘‘ کے موقع پر قوم کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش اور پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔
اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس فورس نے جس پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک بھر کے پولیس اہلکاروں نے امن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، جن کے عزم اور جذبے کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔محمد حنیف عباسی نے شہدا کے لواحقین سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کی قربانیاں پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ ہیں اور حکومت ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یومِ شہدائے پولیس ہمیں اپنے ان محافظوں کی عظیم خدمات کے اعتراف اور ان کی یادوں کو تازوہ رکھنے کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ملک میں پائیدار امن، قانون کی بلاامتیاز عملداری اور تحفظ کی فراہمی کے لیے ایک مضبوط، جدید اور باصلاحیت پولیس فورس کی تشکیل ناگزیر ہے۔








