کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت پاکستان کی قومی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، خالد حسین مگسی
کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت پاکستان کی قومی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، خالد حسین مگسی

مزید خبریں
اسلام آباد5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کا غیرقانونی اور یکطرفہ اقدام ناقابلِ قبول ہے، یہ اقدام اقوامِ متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف میں کسی قسم کے سمجھوتہ کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت پاکستان کی قومی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے اور پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔
وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا کہ بھارت کے اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مترادف ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا اور اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔








