ایف آئی اے کارروائی،جعلی فرانسیسی شینگن ویزے پر سپین جانے کی کوشش ناکام ،مسافر آف لوڈ

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ائرپورٹ نے سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران فلائٹ نمبر QR-615 کے ذریعے سپین جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ائرپورٹ نے سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران فلائٹ نمبر QR-615 کے ذریعے سپین جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے دوران مسافر کے پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 15 پر لگا فرانسیسی شینگن ویزا سٹیکر مشکوک پایا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں مسافر نے انکشاف کیا کہ اس نے سعودی عرب میں اپنے دوست شمعون کے ذریعے مذکورہ جعلی ویزا سٹیکر حاصل کیا۔ ابتدائی ادائیگی کے طور پر 550 سعودی ریال دیے گئے جبکہ منزل پر پہنچنے کے بعد مزید 45 ہزار سعودی ریال ادا کرنے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر کے موبائل فون کی جانچ سے انکشاف ہوا کہ وہ غلام شبیر نامی شخص کے ساتھ واٹس ایپ کے ذریعے یورپی ویزہ کلیئرنس کے سلسلے میں رابطے میں تھا۔مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔