چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35-اے کی منسوخی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے،شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیاں آزادی کی تحریک کا سرمایہ ہیں، ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔
شہدائے کشمیر کی قربانیاں آزادی کی تحریک کا سرمایہ ، ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی،سینیٹر روبینہ خالد

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35-اے کی منسوخی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے،شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیاں آزادی کی تحریک کا سرمایہ ہیں، ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔
بدھ کو جاری پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو یکطرفہ اقدامات سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جسے دنیا کو روکنا ہوگا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، غیرقانونی گرفتاریاں اور اظہارِ رائے پر پابندیاں قابلِ مذمت ہیں،پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں یہ عہد دہرانے کا دن ہے کہ کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے،کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی انصاف، حق اور انسانی وقار کی جدوجہد ہے،بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے اور بھارت کو جوابدہ بنائے۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیاں آزادی کی تحریک کا سرمایہ ہیں، ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں،دنیا کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی پابندیوں، سیاسی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کا واحد راستہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل ہے۔








