فیصل آباد میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہدا کے اہل خانہ کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد

"فیصل آباد میں یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر شہدا کے اہلِ خانہ کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ پولیس حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔”

فیصل آباد۔ 05 اگست (اے پی پی):فیصل آباد میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہدا کے اہل خانہ کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پارلیمنٹیرینز ، اعلی پولیس حکام ، تمام طبقہ فکر کی نمایاں شخصیات نے شرکت کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

ترجمان ریجنل پولیس محمد شہباز نے بتایا کہ پولیس کے شہداء کی فیملیز کے اعزاز میں کاٹیج مارکی ڈائیوو روڈ پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا ۔پولیس کے شہداء کی فیملیز تقریب میں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ تقریب میں موجودہ و سابقہ پارلیمنٹیرینز سینیٹر عابد شیر علی ، ایم پی اے طاہر جمیل ، ایم پی اے خان بہادر ڈوگر ،شیخ اعجاز ،میاں عرفان منان ، اعلی پولیس حکام ، آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا، سی پی او فیصل آباد تنویر حسین، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن کے علاوہ دیگر پولیس افسران ، تمام طبقہ فکر کی نمایاں شخصیات، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے شہدائے پولیس کی فیملیز سے ملاقات کی ،خیریت، مسائل دریافت کئے ۔ مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ سینیٹر عابد شیر علی نے کہا کہ میں شہداء کی عظمت اور حوصلے کو خاک عقیدت پیش کرتا ہوں۔ شہداء نے امن و مان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کیلئے مضبوط چٹان کردار ادا کیا، میں دعا گو ہوں اللّٰہ شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ صبر ، استقامت ہمت ، حوصلہ عطا کرے۔آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے شہداء کی فیملیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کا قرض کسی صورت اتارا نہیں جاسکتا۔ فیصل آباد پولیس 115 جبکہ ریجنل پولیس 185 شہدا‌ء کی وارث ہے۔ شہداء کے اہلِ خانہ پولیس فورس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ محکمہ شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔پولیس شہداء کی عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں۔ شہداء کے بچوں کی تعلیم، تربیت اور مستقبل پولیس کی اولین ترجیح ہے شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج امن قائم ہے،شہادت کوئی معمولی درجہ نہیں یہ وہ بلند مقام ہے جو صرف اللہ کے چنے ہوئے بندوں کو نصیب ہوتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم اور شہداء کیلئے دعا کی گئی۔