وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام میں قائم فیملی پارک کاافتتاح کردیا

"وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام میں قائم فیملی پارک کا افتتاح کیا، جبکہ افتتاحی تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی پرنس محمد نواز خان الائی، ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔”

پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام میں قائم فیملی پارک کا افتتاح کیا۔بدھ کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی پرنس محمد نواز خان الائی، ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

افتتاح کے بعد معزز مہمانوں نے پارک کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیا گیا ۔اپنے خطاب میں مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے کہا کہ فیملی پارک کے قیام کا مقصد ہسپتال آنے والے مریضوں کے تیمارداروں اور اہلِ خانہ کو ایک پُرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ذہنی سکون حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام کی اپ گریڈیشن کے بعد صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ڈاکٹروں کی منظور شدہ آسامیوں اور دیگر خالی پوسٹوں پر جلد اشتہار جاری کیا جائے گا، جس سے مقامی افراد کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی مزید بہتری سے عوام کو اسلام آباد اور پشاور جانے کے بجائے اپنے ضلع میں ہی معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔مشیر کھیل نے وزیر صحت میاں خلیق الرحمٰن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کی بدولت یہ تمام اقدامات ممکن ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام ہم سب کا مشترکہ اثاثہ ہے، اس کی حفاظت اور دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ دای ہے ۔