"رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ 5 اگست کا دن کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی، ان کے حقِ خود ارادیت کی حمایت اور اس عزم کی تجدید کا دن ہے۔”
5 اگست کا دن کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، رانا مشہود احمد خاں

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ 5 اگست یوم استحصال کشمیر بھارتی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے،بھارت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ بدھ کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور بنیادی انسانی حقوق کی جدوجہد ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، اظہار رائے پر پابندیاں اور شہری آزادیوں کی قدغنیں قابل تشویش ہیں،5 اگست 2019ء کے بعد بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسے اقدامات کیے جن سے علاقے کی آبادیاتی اور سیاسی ساخت تبدیل ہونے کے خدشات پیدا ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر کشمیری افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجراء مقامی آبادی کے حقوق اور شناخت کے حوالے سے تحفظات کو جنم دے رہا ہے، رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے جن پر مقامی آبادی کی شناخت اور سیاسی نمائندگی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پرامن اور دیرپا حل کے لیے کردار ادا کرے،پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، 5 اگست کا دن کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقوق کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔







