پاکستان کی تکمیل کشمیر کے بغیر نا ممکن ہے، ڈاکٹر مسرور سبطین

"گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان کے زیرِ اہتمام اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے تعاون سے یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔”

ملتان ۔ 05 اگست (اے پی پی):گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان کے زیرِ اہتمام ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے تعاون سے یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان پروفیسر ڈاکٹر مسرور سبطین نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، ماہرِ تعلیم پروفیسر محمد عامر سنجرانی، ڈاکٹر عبدالمعید کامران اور ایگزیکٹو باڈی کے رکن ادیب احمد شامل تھے۔ نظامت کے فرائض پروفیسر فیصل رانا نے انجام دیے۔اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر مسرور سبطین نے کہا کہ کشمیریوں کے دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان کی تکمیل کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر توجہ بڑھ رہی ہے اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر اس پر بحث ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے مشکل حالات کے باوجود اپنے عزم اور حوصلے کو برقرار رکھا ہے، جبکہ پاکستان ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور عالمی برادری کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ دیگر مقررین پروفیسر عامر سنجرانی، ڈاکٹر عبدالمعید کامران، ادیب احمد اور پروفیسر فیصل رانا نے بھی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر مسرور سبطین، نعیم اقبال نعیم اور دیگر شرکاء کی قیادت میں یکجہتی کشمیر واک نکالی گئی، جس میں اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی اور کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔