شہدائےپولیس نے امن و امان کے قیام کے لئےمثالی قربانیاں پیش کی ہیں ، ڈپٹی کمشنر صوابی

"ڈپٹی کمشنر صوابی طارق اللہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہدا نے امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، جنہیں ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔”

پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر صوابی طارق اللہ نے یومِ شہدائے پولیس کے سلسلے میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختو نخوا پولیس کے شہداء نے امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، جنہیں ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا ایثار، بہادری اور فرض شناسی آنے والی نسلوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔ قوم کے امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ہمارا قومی سرمایہ ہیں، جن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ڈپٹی کمشنر صوابی نے کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہےجبکہ شہداء کے ورثاء کی عزت و تکریم اور ہر ممکن معاونت ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ صوابی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور ضلع میں امن، استحکام، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صوابی نے شہدائے پولیس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی، وطنِ عزیز کی سلامتی اور پائیدار امن کے لیے خصوصی دعا کی۔