"ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی نے تمام صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون کے دوران ہنگامی تیاری، بروقت انخلا، وسائل کی پیشگی فراہمی اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔”
ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کی تمام صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مون سون کے دوران ہنگامی تیاری، بروقت انخلا، وسائل کی پیشگی فراہمی اور موثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی نے تمام صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مون سون کے دوران ہنگامی تیاری، بروقت انخلا، وسائل کی پیشگی فراہمی اور موثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا 11واں اجلاس منعقد ہوا،ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے اجلاس کی صدارت کی۔وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر کی مون سون صورتحال، دریائوں کے بہائو، ممکنہ سیلابی صورتحال، موسی صورتحال، ہنگامی تیاریوں اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔این ای او سی نے بریفنگ میں بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں دریائوں کے بہائو میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔شدید بارشوں کے باعث مقامی سطح پر شہری سیلاب، ندی نالوں اور پہاڑی برساتی نالوں کے بہائو میں اچانک ضافہ متوقع ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی ممبران کو چیف آف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکے حالیہ دورہ این ای او سی پر بریفنگ دی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے این ڈی ایم اے کی قومی سطح پر ہنگامی تیاریوں، جدید ارلی وارننگ سسٹمز، بین الادارہ رابطہ کاری اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ صلاحیتوں کو سراہا۔کمیٹی نے تمام صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مون سون کے دوران ہنگامی تیاری، بروقت انخلا، وسائل کی پیشگی فراہمی اور موثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں ،مستند اور بروقت معلومات کے لیے ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘ اور این ڈی ایم اے کے آفیشل پلیٹ فارمز سے راہنمائی حاصل کریں۔







