ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سے کے الیکٹرک کے اعلی حکام کی ملاقات، مسائل کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

"ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سے کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی، جس میں باہمی مسائل کے حل اور مؤثر رابطہ کاری کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔”

کراچی۔ 05 اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی سے کے الیکٹرک کے اعلی عہدیداران کے وفدنے کے ڈی اے سوک سینٹر میں ملاقات کی اورباہمی تعاون سے متعلق مختلف امور اور کے الیکٹرک کی سروسز سے وابستہ معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں حارث جمیل صدیقی (ڈائریکٹر گورنمنٹ افیئرز)، سرمد شاہ (ڈپٹی جنرل منیجر گورنمنٹ افیئرز) اور منیر احمد شیخ (ڈپٹی ڈائریکٹر) شامل تھے جبکہ اس موقع پر سیکریٹری کے ڈی اے محمد ارشد خان اور سپرنٹنڈنگ انجینئر کے ڈی اے جنید صدیقی بھی موجود تھے۔ملاقات میں شہر کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے دوران درپیش تکنیکی اور انتظامی مشکلات، بالخصوص یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی اور رابطہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیااوراس امر پر زور دیا گیا کہ شہری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ، مربوط حکمتِ عملی اور فوری عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اس ضمن میں مختلف تجاویز اور لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جا سکے۔اس موقع پر عائشہ منزل کے جاری ترقیاتی منصوبے میں پیش آنے والی رکاوٹوں پر خصوصی طور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں اداروں نے باہمی تعائون کے ذریعے ان مسائل کے فوری حل اور منصوبے کی بلا تعطل تکمیل کے لیے جلد عملی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔