"ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمن کاکڑ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ بازار میں دکانوں کی کٹنگ کے معاملے میں مکمل شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گی، جبکہ کسی بھی دکاندار کے ساتھ ناانصافی یا امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔”
ضلعی انتظامیہ بازار میں دکانوں کی کٹنگ کے معاملے پر مکمل شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گی،ڈپٹی کمشنر

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمن کاکڑ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ بازار میں دکانوں کی کٹنگ کے معاملے پر مکمل شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گی جبکہ کسی بھی دکاندار کے ساتھ ناانصافی یا امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات انجمن تاجران رحیم آغا گروپ کے ضلعی صدر فرید اللہ کھیتران کی سربراہی میں دکاندار مالکان سے ملاقات کے دوران کہی جس میں رکھنی بازار میں دکانوں کی کٹنگ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران دکانداروں نے بعض دکانوں کی کٹنگ کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چند مقامات پر کٹنگ غیر منصفانہ انداز میں کی گئی ہے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام معاملات کا ازسرِنو جائزہ لے کر قانون اور میرٹ کی بنیاد پر منصفانہ فیصلہ کیا جائے گا اور کسی قسم کے سیاسی دباؤ یا سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر سعید الرحمن کاکڑ نے اسسٹنٹ کمشنر بارکھان کو ہدایت جاری کی کہ وہ ریونیو عملے اور متعلقہ دکانداروں کے ہمراہ تمام دکانوں کی دوبارہ پیمائش اور جانچ پڑتال کریں اور آئندہ روز صبح 10 بجے تک تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ حقائق کی روشنی میں شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ فیصلہ کیا جا سکے۔اس موقع پر دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شفاف تحقیقات اور بلاامتیاز انصاف کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام معاملات قانون اور میرٹ کے مطابق حل کیے جائیں گے۔







