جیانی انفینٹینو نے غلطیوں پر معافی مانگ لی، شدید تنقید کے باوجود فیفا صدر برقرار رہیں گے

"فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے فٹ بال میچوں کے تجارتی حقوق نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کے متنازع منصوبے پر شدید تنقید کے بعد اپنی ‘غلطیوں’ پر معافی مانگ لی، تاہم وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔”

رباط ۔6اگست (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نےفٹ بال میچوں کے تجارتی حقوق نجی سرمایہ کاروں کو بیچنے کے متنازع منصوبے پر شدید تنقید کے بعد اپنی "غلطیوں” پر معافی مانگ لی ہے، تاہم وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

بی بی سی کے مطابق رباط میں فیفا کے افریقی دفتر میں طلب کیے گئے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان کے مطابق، منیجمنٹ بورڈ نے جیانی انفینٹینو کی بطور صدر مکمل حمایت کی توثیق کر دی ہے۔ جیانی انفینٹینو اور سیکرٹری جنرل ماتیاس گرافسٹراؤم نے فیفا کے تمام 211 ممبر ایسوسی ایشنز کو ایک خط بھی تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے منصوبے کے طریقہ کار پر معذرت کی اور آئندہ ایسی غلطیاں نہ دہرانے کا عہد کیا۔واضح رہے کہ فیفا صدرجیانی انفینٹینو نے فیفا فارورڈ انٹرپرائز کے نام سے نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا تھا، جس کی حمایت پر تمام ممبر ایسوسی ایشنز کو 40 ملین ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔ تاہم یو ای ایف اے (یوئیفا) اور فیفا کے اندرونی عہدیداروں کی سخت مخالفت کے بعد اس منصوبے کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔ فیفا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ اپنے ادارے کی سمعت اور وقار پر مزید کسی قسم کے حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔