ضلع بنوں میں خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کی طرح "ہفتہ شہدائے پولیس” انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
ضلع بنوں میں "ہفتہ شہدائے پولیس” انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

مزید خبریں
پشاور۔ 06 اگست (اے پی پی):ضلع بنوں میں خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کی طرح "ہفتہ شہدائے پولیس” انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
تر جمان بنوں پولیس کے مطابق اس سلسلے میں اقبال شہید پولیس لائن بنوں میں یادگارِ شہداء پر آر پی او بنوں ریجن ربنواز خان اور ڈی پی او بنوں محمد فرقان بلال نے سلامی پیش کی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں عامر ایونٹ ہال میں شہداء کے لواحقین اور بچوں کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی ہفتہ شہدائے پولیس ان عظیم سپوتوں کی لازوال قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ رقم کی۔تقریب میں آر پی او بنوں ریجن ربنواز خان، ڈی پی او بنوں محمد فرقان بلال، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم خان، پاک آرمی کے افسران، ایڈیشنل سیشن جج بنوں ، دیگر معزز مشران، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان، پولیس افسران و جوانوں سمیت شہداء کے لواحقین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانے کا دھن بجایا گیا۔اس موقع پر باوردی اہلکاروں نے سلامی جبکہ دیگر شرکاء نے دلوں پر ہاتھ رکھ کر وطنِ عزیز اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انڈس مونیٹوسوری سکول کے طلبہ و طالبات نے شہداء کی عظیم قربانیوں پر مبنی تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او بنوں ریجن ربنواز خان نے کہا کہ ہفتہ شہداء خیبرپختونخوا پولیس کے عظیم شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ہفتہ ہے۔ ہم شہداء کے لواحقین کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ان کے پیاروں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آج وطنِ عزیز میں قائم امن انہی بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ میرے لیے زندگی کا سب سے کٹھن لمحہ وہ ہوتا ہے جب میں اپنے کسی سپاہی کے جنازے کو کندھا دیتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں رہتے ہوئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
بنوں پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرکے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا۔ڈی پی او بنوں محمد فرقان بلال نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے جوان میرے لیے اپنے بچوں اور بھائیوں سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ جو عناصر میرے جوانوں کو نشانہ بناتے ہیں، انہیں ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ہمارے جوانوں نے جس بہادری، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ پوری فورس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ڈپٹی کمشنر بنوں اور پاک آرمی کے افسران نے بھی اپنے خطابات میں پولیس شہداء کی بے مثال قربانیوں، جرآت اور وطن عزیز سے وفاداری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جہاں آر پی او بنوں، ڈی پی او بنوں، ڈپٹی کمشنر، پاک آرمی کے افسران اور دیگر معزز مہمانوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، ان سے اظہارِ محبت و یکجہتی کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے اہلِ خانہ پولیس فورس اور ریاست کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں اور انہیں زندگی کے کسی بھی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔








