پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی کی جولائی 2026ء کی کارکردگی رپورٹ جاری، 105 مقدمات درج، 33 اشتہاری گرفتار

پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی کی جولائی 2026ء کی کارکردگی رپورٹ جاری، 105 مقدمات درج، 33 اشتہاری گرفتار

راولپنڈی۔6اگست (اے پی پی):پنجاب ہائی وے پولیس (پی ایچ پی) راولپنڈی ریجن نے ماہ جولائی 2026ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق شاہرات پر امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور عوامی خدمت کے مختلف اقدامات جاری رہے۔

ترجمان کے مطابق جولائی کے دوران ریجن بھر میں مجموعی طور پر 105 مقدمات درج کیے گئے جن میں تعزیرات پاکستان، اسلحہ آرڈیننس، منشیات ایکٹ اور دیگر خصوصی قوانین کے تحت کارروائیاں شامل ہیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 105 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے خلاف خصوصی کریک ڈائون کے دوران کٹیگری اے کے 2 جبکہ کٹیگری بی کے 31 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 37 عدالتی مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش کیا گیا۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پرمجموعی طور پر 26 ہزار 421 چالان کیے گئے۔ جن میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے ایک ہزار 626 افراد اور کم عمر ڈرائیونگ کرنے والے 15 سو سے زائد ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں بھی شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شاہرات پر ٹریفک حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عوامی خدمت کے تحت مختلف شاہرات پر پھنسے، پریشان حال اور مدد کے منتظر 306 شہریوں کو بروقت امداد فراہم کی گئی جن میں گاڑیوں کی خرابی، طبی ایمرجنسی، سفری مشکلات اور دیگر ہنگامی حالات میں معاونت شامل رہی۔پنجاب ہائی وے پولیس نے جولائی کے دوران 4 گمشدہ بچوں کو بھی بازیاب کروا کر بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کیا۔ترجمان پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن نے کہا کہ شاہرات کی سکیورٹی، قانون کی بالادستی، جرائم کے خاتمے اور عوامی خدمت کے لیے پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن چوبیس گھنٹے پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سفر کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔