محسن نقوی کا اسلام آباد ایکسپریس وے کی سروس روڈ کی بحالی اور کشادگی کے منصوبے کا تفصیلی دورہ

محسن نقوی کا اسلام آباد ایکسپریس وے کی سروس روڈ کی بحالی اور کشادگی کے منصوبے کا تفصیلی دورہ

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے کی انتہائی خستہ حال سروس روڈ کی بحالی اور کشادگی کے منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیرِ داخلہ نے پراجیکٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیرِ داخلہ کو پراجیکٹ کے خد و خال، پیشرفت اور درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔

محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو یوٹیلیٹی سروسز خصوصاً راستے میں آنے والے بجلی و دیگر پولز کو جلد از جلد منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 9 کلو میٹر سے زائد طویل اس سروس روڈ پر اس وقت گندگی، غیر قانونی قبضے اور غیر قانونی تعمیرات موجود ہیں اور سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے لیکن ہم اس خراب حالت کی روڈ کو اب ایک جدید ماڈل روڈ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم منصوبے کو کم سے کم ممکنہ مدت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں، اور اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کو مزید گرین اور سرسبز بنایا جائے گا۔